یونیورسٹی آف جھنگ، شبعہ اُردو کے طلبہ کا ادارہ فروغِ قومی زبان کا مطالعاتی دورہ

زبانوں کی بقا ان کے عملی استعمال میں ہے، اُردو کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنانا ہوگا۔ ادب، تعلیم اور جدید ذرائع ابلاغ میں اُردو کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ڈاکٹر راشد حمید

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) یونیورسٹی آف جھنگ کے شبعہ اُردو کے طلبہ و طالبات نے ادارہ فروغِ قومی زبان، اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر راشد حمید نے اُردو زبان کی ترویج و ترقی پر تفصیلی گفتگو کی۔ اُنھوں نے کہا کہ اُردو ہماری تہذیب اور قومی وحدت کی علامت ہے، اس کی ترویج ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔

طلبہ و طالبات کے لیے انھوں نے رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ زبان کا شعور اور اس کا ادبی پس منظر جاننا ہر طالبعلم کی علمی پختگی کے لیے ضروری ہے۔ ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر، محبوب بگٹی نے ادارے کے مختلف شعبہ جات، اہداف، اور اب تک کی کامیابیوں تحقیقی اور تربیتی سرگرمیوں پرتفصلئ روشنی ڈالی۔اس مطالعاتی دورے میں یونیورسٹی کے اساتذہ کرام جن میں پروفیسر ڈاکٹر مجاہد عباس،پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ فاظل،ڈاکٹر عدنان احمد،جناب قمرعباس علوی،جناب عطاءالرحمن عطا، ڈاکٹر سندس حنیف اور دیگر موجود تھے۔اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے ادارہ فروغِ قومی زبان کی میزبانی اور علمی خدمات کو سراہا۔

اُنھوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہرکی قیادت میں ادارہ ایک روشن مثال بن چکا ہے، اور اُردو کے فروغ کے لیے شاندار کردار ادا کر رہا ہے۔ طلبہ و طالبات نے اس دورے کو اپنی علمی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیا۔ دورے کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے ادارے کے مختلف شعبوں جیسے لائبریری، کتاب گھر اور اخبار اردو کا دورہ کیا۔یورنیوسٹی کے وفد نے ادارے کے علمی ماحول کو مفید، منظم اور متاثر کن قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں