کوئٹہ: نوشکی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو شہید کردیا۔
فائرنگ کا واقعہ نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں پیش آیا، جس میں گولی لگنے سے ایک پولیس اہل کار زخمی ہوا اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے تصدیق کی ہے کہ نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار وحید احمد ولد محمد ہاشم شہید ہوا ہے، جس کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ یہ حملہ قومی مہم کو سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے۔ تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی۔






