سائفر کیس:عمران خان اورقریشی کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اےکو نوٹس

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)سپریم کورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر قائم مقام چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ جو فرد جرم چیلنج کی تھی وہ ہائیکورٹ ختم کر چکی ہے، نئی فرد جرم پر پرانی کارروائی کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق محمود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔وکیل بانی پی ٹی آئی سلمان صفدر نے کہاکہ ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں 13گواہان کے بیانات ریکارڈ کرلئے ہیں۔قائم مقام چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ سپیڈی ٹرائل ہر ملزم کا حق ہوتا ہے،آپ کیوں چاہتے ہیں ٹرائل جلدی مکمل نہ ہو؟سلمان صفدر نے کہاکہ ان کیمرا ٹرائل کیخلاف آج ہائیکورٹ میں بھی سماعت ہے۔وکیل حامد خان نے کہاکہ دوسری درخواست فرد جرم کے خلاف ہے۔قائم مقام چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ جو فرد جرم چیلنج کی تھی وہ ہائیکورٹ ختم کر چکی ہے،نئی فرد جرم پر پرانی کارروائی کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔حامد خان نے کہاکہ ٹرائل اب بھی اسی چارج شیٹ پر ہورہاہے۔قائم چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ پرانی چارج شیٹ کے خلاف درخواست غیر موثر ہو چکی ہے،نئی فرد جرم پر اعتراض ہے تو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں۔حامد خان نے استدعا کی کہ مناسب ہو گا آج ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔سلمان صفدر نے کہاکہ ایسا نہ ہو آئندہ سماعت تک ٹرائل مکمل ہو جائے۔وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ شام 6بجے تک ٹرائل چلتا ہے،عدالتی اوقات کار کے بعد بھی ٹرائل چل رہا ہے۔قائم مقام چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ لوگ کہتے ہیں کیس چلتے نہیں،آپ کا چل رہا تو آپ کو اعتراض ہے،فرد جرم والی درخواست غیرموثر ہونے پر نمٹا دیتے ہیں۔سلمان صفدر نے کہاکہ حامد خان درخواست میں ترمیم کرچکے،اب اسے نئی درخواست کے طور پر لیا جائے۔جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ ترمیم شدہ درخواست بھی ہائیکورٹ سےپہلے ہم کیسے سن سکتے ہیں۔پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہاکہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر نوٹس نہیں ہوئے،شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر ریاست کو نوٹس جاری کر دیاگیا۔قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئےکہ پراسیکیوشن عدالت میں ہے تو آج ہی کیلئے ریاست کو نوٹس کررہے ہیں،سائفر کیس میں 13دسمبر کی فرد جرم چیلنج ہی نہیں کی گئی۔وکیل حامد خان نے کہاکہ آج کی ہائیکورٹ کی کارروائی کا انتظار کیا جائے۔قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ بری کردے تو بھی اس درخواست پر کچھ نہیں ہوسکتا،فرد جرم کےخلاف درخواست غیرموثر ہو چکی ہے۔وکیل حامد خان نے کہاکہ آج التوا دے دیں آئندہ سماعت پر شاید واپس لے لوں۔قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیس ملتوی ہوا تو ضمانت والا بھی ساتھ ہی ہوگا۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنےکےخلاف درخواست پر سماعت ملتوی کردی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں