اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں عمران خان کی عدالت پیشی پر سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسدادِدہشتگردی عدالت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسدعمر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑپھوڑ، الیکشن کمیشن احتجاج کیس کی سماعت ہوئی۔ ایٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں اسدعمر پیش ہوگئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل جان محمد اورپراسیکیوٹر راجانوید بھی ایٹی سی پیش ہوگئے۔ وکیل صفائی جان محمد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے عدالت پروڈکشن کی درخواست دائر کردی۔ اپنے دلائل میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اِن کیسز میں ضمانت پر ہیں، جیل ٹرائل نہیں ہو سکتا، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ جیل سے کورٹ لانے کے انتظامات کو دیکھا جائے ملزم کو عدالت پیش کرنا پولیس کی ذمہ داری ہوتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹرائل کے لیے جیل سے کورٹ تو لانا پڑیگا، چیئرمین پی ٹی آئی خود عدالت آئیں گے اور ہاں یا نہ کریں گے، عدالت احکامات جاری کرے تو پولیس تو چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے پر پابند ہے۔






