پاکستان کا امریکہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ ضروری نہیں امریکہ کے ساتھ ہر معاملے پر اتفاق ہو،امریکہ کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبہ نے ملاقات کی،نگران وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ وسائل اور اخراجات میں توازن نہ ہونا ہے،آئندہ سالوں میں معاشی حالات بہتر ہوں گے۔اچھے مواقع کی تلاش میں ملک سے باہر جانا کوئی انہونی بات نہیں،ضروری ہے ہمارے نوجوان جہاں بھی جائیں کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام میں موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت ہے،پاکستان میں جمہوری عمل تسلسل سے جاری ہے اور جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے۔انکا کہنا تھا کہ امریکہ کیساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات ہیں،پاکستان اور امریکہ کے مابین مختلف معاملات پر اختلافات ہیں۔ملکوں کے درمیان اتفاق اور اختلاف ہوتا رہتا ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ سے قریبی تعاون ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ ریاست اور عوام کے درمیان ایسے سماجی معاہدے پر یقین رکھتے ہیں جہاں حقوق کا تحفظ ہو،مجھے نہیں معلوم آئی ایم ایف کو ایک دشمن کے طور پر کیوں پیش کیا جاتا ہے۔ گزشتہ 200 برس میں امریکہ نے زبردست ترقی کی،دیگر ممالک امریکہ کی ترقی سے سیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے،ہم منفی توانائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔ نگران وزیراعظم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ادھورے بیان پر مجھے 48 گھنٹے ٹرولنگ کا سامنا رہا،میرے بیان کا کچھ حصہ کاٹ کر ٹرولنگ کی گئی،میرے لیے اہم ہے کہ پاکستانی طلبہ جہاں بھی ہوں کامیاب رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں