اسلام آباد (روزنامہ قوم انٹرنیشنل) توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے سزا سنا دی گئی۔ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے جب کہ تین سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے، پی ٹی آئی نے سیشن عدالت کا فیصلہ مسترد کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کو اعلیٰ عدالت کے روبرو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ترجمان تحریک انصاف نے سیشن کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے متعصب جج ہمایوں دلاور کا متعصبانہ فیصلہ مسترد کردیا ہے، توشہ خانہ مقدمے کے ذریعے نظامِ عدل کی پیشانی پر ایک اور سیاہ دھبّہ لگایا گیا، متعصب جج ہمایوں دلاور کی جانب سے تاریخ میں بیہودہ ترین انداز میں ٹرائل چلایا گیا، تاریخ کے اس بدترین ٹرائل میں ایک متعصب اور اخلاقی ساکھ سے محروم جج کے ہاتھوں انصاف کے قتل کی کوشش کی گئی، تعصب کی سیاہ پٹیاں آنکھوں پر باندھ کر ٹرائل چلانے والے جج نے مقدمے کے حقائق کو مخصوص ایجنڈے کی بھینٹ چڑھایا، سیشن عدالت کا فیصلہ سیاسی انتقام اور انجینئرنگ کی بدترین مثال ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ناقص، مضحکہ خیز اور ٹھوس قانونی بنیادوں سے محروم فیصلے کے ذریعے جمہور اور جمہوریت کیخلاف شرمناک یلغار کی گئی، ہمایوں دلاور کا فیصلہ لندن پلان کے تحت لیول پلیئنگ فیلڈ جیسے شرمناک اہداف کے حصول کی مایوس کن کوشش ہے، قوم کے مقبول اور معتبر ترین سیاسی قائد کیخلاف سازش اور انتقام کی ایسی بھونڈی کوشش قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی، فسطائیت کو میسّر عدالتی پناہ اور بدترین ریاستی جبر کے سامنے ہرگز سرنگوں نہیں ہوں گے-






