اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) ملٹری کسٹڈی میں 102 ایسے افراد کی فہرست سامنے آئی ہے جو 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں۔اٹارنی جنرل کی سپریم کورٹ میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق 102 ملزمان میں جی ایچ کیو پر حملے میں ملوث 7 افراد اور کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے میں ملوث27 افراد بھی شامل ہيں۔رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئرریٹائرڈ جاوید اکرم بھی کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث ہونے پر فوج کی تحویل میں ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 افراد ملتان گیریژن، 10 افراد گوجرانوالا گيریژن اور 5 افراد میانوالی ائیر بیس پر حملے میں ملوث ہیں جب کہ 14 افراد ایف سی قلعے، 10 افراد بنوں گیریژن اور3 افراد بلوچ رجمنٹل سینٹر پر حملے میں ملوث ہونے کی بنیاد پر فوج کی تحویل میں ہیں ۔9 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنان نے فوجی تنصیبات اور سرکاری املاک پر حملے کیے جس میں جناح ہاؤس لاہور اور ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ملک میں 9 مئی کو ہونے والی شرپسندی کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد شرپسندوں کو گرفتار کیا جب کہ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا۔پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد اب تک پارٹی کے کئی نامور رہنما اسے خیرباد کہہ چکے ہیں جن میں فواد چوہدری، شیریں مزاری، عامر کیانی، علی زیدی، عمران اسماعیل، پرویز خٹک، محمود خان، فردوس عاشق اعوان، فیاض چوہان، ملیکہ بخاری، آفتاب صدیقی، محمود مولوی بھی شامل ہیں جب کہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر بھی تمام عہدوں سے مستعفی ہوچکے ہیں۔تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والے رہنماؤں کی تعداد 100 سے زائد ہوچکی ہے۔






