ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ ماسکو کو روس کے 2 دوست ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی مسئلے کے علاوہ کشیدگی کے دیگر پہلوؤں پر بھی تشویش ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے یہ بات جمہوریہ کومی کے دارالحکومت سیکتیوکار سے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہی، بریفنگ میں جمہوریہ کومی کے صحافیوں نے براہ راست، جبکہ ماسکو سے صحافیوں نے آن لائن شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران ماریہ زخارووا نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور، روس کی خارجہ پالیسی، دوطرفہ تعلقات اور مختلف عالمی تنازعات سے متعلق ماسکو کا مؤقف پیش کیا اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔






