پاکستان، قطر سمیت علاقائی ممالک امریکہ اور ایران میں کشیدگی کم کرانے کیلئے متحرک

واشنگٹن: پاکستان، قطر سمیت علاقائی ممالک امریکہ اور ایران میں کشیدگی کم کرانے کیلئے متحرک ہو گئے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان، قطر، ترکی، مصر اور سعودی عرب امریکہ اور ایران میں بڑھتی کشیدگی کم کرنے میں مصروف ہیں۔

ایگزیوس نے مزید بتایا کہ ثالث ممالک جوہری مذاکرات بحال کرانے کے لیے سفارتی رابطے تیز کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ثالث ممالک مفاہمتی یادداشت کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو کی، ایرانی وزیر خارجہ نے فیلڈ مارشل کو بتایا کہ امریکی حملے معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔

ایگزیوس کے مطابق صدر ٹرمپ کشیدگی کے باوجود تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں، ٹرمپ جوہری معاہدے کے لیے تکنیکی مذاکرات جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

امریکی میڈیا گروپ کے مطابق حالیہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی دیکھی گئی۔

قبل ازیں امریکی عہدیدار نے بتایا کہ حملوں کے باوجود امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، امریکہ اب بھی ایران کے ساتھ کسی حل تک پہنچنے کے لئے پرعزم ہے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق ایران کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات بدستور جاری ہیں، اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے، تاہم سفارتی رابطے اور مذاکراتی عمل بھی جاری ہے تاکہ تنازع کا کوئی حل تلاش کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں