جمہوریہ ترکیہ کی وزارتِ ثقافت و سیاحت نے “ترکش کُوزین ویک 2026” کا باضابطہ عنوان “دی ہیریٹیج ٹیبل” مقرر کیا ہے، جس کا مقصد ترک کھانوں کے ذریعے محفوظ ثقافتی کہانیوں، روایات اور مشترکہ یادوں کو اجاگر کرنا ہے۔
ترکش کُوزین ویک 21 سے 27 مئی 2026 تک ترکیہ بھر کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں موجود ترک سفارتی مشنز اور ثقافتی مراکز میں خاتونِ اول محترمہ امینہ اردوان کی سرپرستی میں منایا جائے گا۔
یہ سالانہ تقریب ترکیہ کے شاندار ثقافتی و غذائی ورثے اور مختلف اقوام و ثقافتوں کو قریب لانے میں اس کے کردار کو نمایاں کرتی ہے۔
اس سال کا موضوع ترک کھانوں کو صرف مختلف پکوانوں کے مجموعے کے طور پر نہیں بلکہ ایک زندہ ثقافتی ورثے کے طور پر پیش کرتا ہے، جو صدیوں پر محیط ہجرت، رسومات، روایات اور دسترخوان کے گرد مشترکہ تجربات سے تشکیل پایا ہے۔
پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عزت مآب عرفان نذیروغلو نے 20 مئی 2026 کو ترک سفارت خانے کی رہائش گاہ میں ترکش کُوزین ویک کے موقع پر ترک کھانوں کے روایتی اور لازوال پکوانوں پر مشتمل عشائیے کا اہتمام کیا۔
سفیر عرفان نذیروغلو نے اس موقع پر کہا:
“ترکش کُوزین ویک پاکستان میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ ترک مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے کی روح کو بانٹنے کا ایک خوبصورت موقع ہے۔ اس سال ہم ترکیہ اور دنیا بھر میں پانچویں مرتبہ ترکش کُوزین ویک منا رہے ہیں۔ ترکی زبان میں دسترخوان یا ‘سوفرا’ باہمی محبت اور یکجہتی کی قدیم ترین زبان ہے۔ یہ ترک مہمان نوازی کی گرمجوشی کے ساتھ ساتھ صحت مند، زیرو ویسٹ اور روایتی ترک کھانوں کی عکاسی بھی کرتا ہے۔”
اس سال پیش کیے گئے نمایاں پکوانوں میں مانتی، تندیر، دولما، بقلاوہ اور حلوہ شامل تھے، جو ترکیہ کی ثقافتی شناخت اور غذائی روایات کے مختلف پہلوؤں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
سیاحت اور ثقافتی حکام کے مطابق ترکش کُوزین ویک دنیا بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات کے ذریعے ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور ترکیہ کی بھرپور غذائی روایات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔






