ایران امریکہ ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں پاکستان مسلسل فعال ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کا کردار مسلسل فعال ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور برابری کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے علاقائی امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ خطے میں پائیدار امن صرف مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے ملکوں کے درمیان مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے، نائب وزیر اعظم خطے اور دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں، پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، پائیدار جنگ بندی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کا بیان دیکھا ہے، یہ بیان ہماری تردید سے پہلے اور سی بی ایس نیوز کی خبر کے فوری بعد جاری ہوا، وقت کے فرق کی وجہ سے ہمارا بیان تھوڑا تاخیر سے جاری ہوا، تاہم ہمارا بیان تمام حقیقی صورتحال کو واضح طور پر بیان کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنے ثالثی کے کردار کا اعادہ کرتا ہے، امن کا پراسس جاری ہے، ہم دنوں فریقین کے ساتھ رابطے میں ہیں، امریکہ ایران امن عمل ابھی تک جاری ہے، ایران امریکہ کے ساتھ انگیج ہے اور ہم پر امید ہیں۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان پر زور دیا ہے اپنی سرزمین سے دہشت گردی کو روکے، بھارت میں اب مذاکرات کی باتیں کرنے والی آوازیں مثبت پیش رفت ہیں، ہم ان آوازوں پر بھارتی حکومت کے مثبت ردعمل کے منتظر ہیں، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ٹریک ٹو یا بیک ڈور رابطوں کا علم نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے قطر اور آذربائیجان کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں علاقائی صورتحال اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو ورلڈ اربن فورم کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مشرق وسطیٰ کے خصوصی نمائندے سے ملاقات کی، جس میں خطے میں امن و استحکام اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں ڈی اسکیلیشن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مختلف فریقین سے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں خاص طور پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کردار بھی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں