ادارۂ فروغِ قومی زبان نے ملکی تعلیی اداروں کی لائبریریوں کو ادارے کی طبع شدہ کتب بطور تحفہ ییش کیں۔
ادارۂ فروغِ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل ، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے مختلف کالجوں کے سربراہان کو ایک تقریب میں مدعو کرکے ادارے کی طبع شدہ کتب بطور تحفہ پیش کیں۔ اس موقع25 سے زائد سرکاری کالجوں کے خواتین و حضرات پرنسپلوں نے تقریب میں شامل ہوکراپنے کالجوں کی لائبریریوں کے لیے کتب وصول کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ادارۂ فروغِ قومی زبان نے کہا کہ ہمارے پاس بہت سی عمدہ کتب کا ذخیرہ موجود ہے جو ہم ملک بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی لائبریوں تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ ہماری نئی نسل کی کتاب دوستی برقرار رہے اور وہ ان کتب کے ذریعے اردو زبان و ادب سے بھی آشنا ہوں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا تعلیمی نظام کئی ممالک کے تعلیمی نظام سے بہتر ہے اور اس میں مزید بہتری کے لیے ہمیں اجتماعی سطح پر کوششیں جاری رکھنی چاہیئں کیونکہ علم ایک ایسا خزانہ ہے جو بانٹنے سے بڑھتا ہے اور کوئی بھی علم زبان و ادب کی تعلیم کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔
ڈاکٹر راشد حمید ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارۂ فروغِ قومی زبان نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں زبان و ادب خاص کردار ادا کرتے ہیں آج کی تقریب ہماری کتب کو سرکاری کالجوں کی لائبریریوں تک پہنچانے کے سلسلے کی پہلی کڑی ہے نہ صرف جیسے مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا بلکہ طلبہ کو آئندہ ہماری کتب ڈیجیٹل انداز میں بھی دستیاب ہوں گیں کیونکہ ہمارے ادارے کی نئی آنے والی کتب ہماری ویب سائٹ پر بھی موجود ہوں گی۔ ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب خان بگٹی نے مختصراً ادارے کا تعارف پیش کیا ۔ آخڑ میں ہر کالج کو ادارے کی جانب سے280 کتب کا سیٹ پیش کیا گیا۔






