اسلام آباد ہائیکورٹ، شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈر کے خلاف کیس کی سماعت پیر تک ملتوی

اسلام آبا د(قوم انٹرنیشنل)اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈر کے خلاف کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی،کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار وں کے وکیل بابراعوان نے ایم پی او سے متعلق ڈی سی کے اختیارات پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 8 کہتا ہے کہ شہری کے بنیادی حق کی خلاف ورزی کرنے والا کوئی بھی قانون غیر قانونی ہے۔ آئی سی ٹی میں ایم پی او قانون کا نفاذ آئین کی خلاف ورزی ہے۔کیا ایم پی او بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے یا نہیں ، الزام لگایا کہ آئی سی ٹی کو کوئی صوبائی حیثیت نہیں دی گئی اور نہ ہی مقامی حکومت ہے تو ایم پی او کیسے قابل عمل ہے۔ صوبائی حکومت قانون کے ذریعے ایگزیکٹو کو اختیار دے سکتی ہے۔ بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈی سی کی طرف سے ایم پی او کا استعمال من مانی ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ دلائل دینے کے بعد عدالت نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں پیر تک توسیع کرتے ہوئے بابراعوان سے پیر کو دلائل طلب کر لیئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں