چمن(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں افغان سرحد کے قریب چمن کراسنگ پر تعینات افغان سپاہیوں کی فائرنگ سے بچے سمیت 2 پاکستانی شہری شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان سپاہیوں نے پاکستان سے افغانستان داخل ہونے والے پیدل افراد پر بلااشتعال اندھا دھند فائرنگ کی، زیرو لائن گیٹ پر فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 12 سال کا بچہ بھی شامل ہے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی صبر کا مظاہرہ کیا، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے معصوم افراد کی موجودگی میں جوابی فائرنگ نہیں کی، فانرنگ نہ کرنے کا مقصد بڑے جانی نقصان سے بچنا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز چمن منتقل کر دی گئیں، زخمی بچے کو فوری طور پر سکیورٹی فورسز نے منتقل کیا جس کا علاج جاری ہے۔






