اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) ایپکس کمیٹی کا اجلاس نگران وزیراعظم کے زیرصدارت ہوا، اجلاس غیر قانونی مقیم افراد کو یکم نومبر تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، سول وعسکری حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس میں پاکستان کی عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو یکم نومبر تک پاکستان چھوڑنے کیلئے خبردار کیا کیا گیا، یکم نومبر سے وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکیوں کی گرفتاری اور جبری ملک بدری کو یقینی بنائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا 10 اکتوبر سے پاکستان افغانستان بارڈر سے نقل و حرکت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر ہو گی، یکم نومبر سے نقل و حرکت کی اجازت صرف پاسپورٹ اور ویزا پر دی جائے گی۔
تمام قسم کی دستاویزات سرحد پار سفر کیلئے غیر مؤثر اور غیر قانونی ہوں گی، یکم نومبر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے کاروبار جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔






