لاہور(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)خدیجہ شاہ نے دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے کا اقدام عدالت میں چیلنج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں خدیجہ شاہ نے عسکری ٹاور کے مقدمے میں دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے کے اقدام کیخلاف درخواست دائر کر دی ہے،خدیجہ شاہ کی جانب سے سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے عکسری ٹاور میں 28 جولائی کو مزید جسمانی ریمانڈ لینے سے انکار کیا تھا تاہم پولیس نے نئی دفعات کے تحت دوبارہ جسمانی ریمانڈ لے لیا۔پہلی بار پولیس نے جسمانی ریمانڈ کے بعد خدیجہ شاہ کو خود جوڈیشل کرنے کی استدعا کی تھی،دوبارہ جسمانی ریمانڈ لینا حقائق کے برعکس ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت خدیجہ شاہ کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس،گھراؤ جلاؤ اور عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ڈاکٹر یاسمین راشد، خدیجہ شاہ، سابق گورنر پنجاب عمر چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔پولیس نے تمام ملزمان کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے درج ایف آئی آرز میں ملزمان کے خلاف دیگر دفعات شامل کرنے پر عدالت سے مزید تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے یاسمین راشد کو 5 روز کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد پر 9 مئی کو شیرپاؤ برج پر اداروں کے خلاف تقریر کرنے کا الزام عائد ہے اور ان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔ سابق گورنر پنجاب عمر چیمہ، خدیجہ شاہ اور دیگر ملزمان کو بھی 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔






