شہباز شریف اور مریم نوازکا آئندہ چند روز میں لندن جانے کا امکان

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وزیراعظم محمد شہباز شریف ، مریم نواز اور اسحاق ڈار سمیت متعدد لیگی رہنماؤں کے آئندہ چند روز میں لندن جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق لندن میں پارٹی قائد نوازشریف سے ملاقات میں آئندہ الیکشن ، پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم اور ممکنہ سیٹ ایڈجسمنٹ پر بھی بات چیت کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف بھی ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ باہر رہنے کے بعد واپس لندن پہنچ گئے۔نواز شریف نے امارات اور سعودی عرب میں ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزارا، تین یورپی ملکوں کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے آئندہ چند روز میں ملاقات طے ہے۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے مجوزہ پلان پر بھی بات ہوگی۔دوسری جانب مریم نواز نے آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں پارٹی سلوگن والی اشیا استعمال کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے سلوگنز والی اشیا نمائش کے لیے پیش کی گئیں، اس موقع پر سینئر نائب صدر نے ان اشیا کا معائنہ کیا اور پارٹی پرچم، نواز شریف کی تصاویراور پارٹی نعروں والی اشیا کو خوب پسند کیا۔ مریم نواز کی جانب سے آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں پارٹی سلوگن والی اشیا استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جن میں جدید کافی کپ، نوٹ بکس، بیجز اور پوسٹرز شامل ہیں جبکہ تمام اشیا پر مسلم لیگ ن کا جھنڈا، انتخابی نشان شیر اور مختلف نعرے درج ہیں۔اس حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے کافی کپ پر بہت تبصرے، تجزیے اور پروگرامز کئے گئے، اب میں نیا کافی کپ استعمال کر رہی ہوں جس میں کافی زیادہ مزے کی لگتی ہے، اس کپ پر ایک جانب لکھا ہے ’’میاں دے نعرے وجن گے ‘‘اور دوسری جانب نواز شریف کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں