آپ جیل گئے ہیں سسرال نہیں

اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوام میں نفرت کا بیج بویا۔ تفصیلات کے مطابق عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں صمصام بخاری کی 9 مئی واقعات سے متعلق مبینہ آڈیو سنوا دی،عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ صمصام بخاری کے مطابق کور کمیٹی میں فیصلہ ہوا کہ احتجاج فوج کیخلاف ہو گا۔آڈیو میں بتایا گیا کہ صاحب کا حکم تھا کور کمانڈر ہاؤس جانا ہے،ثابت ہو گیا سانحہ 9 مئی سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ صمصام بخاری اور شفقت محمود کو 9 مئی کے واقعات کا حصہ نہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،حسان نیازی نے وردی کی توہین کی۔ عمران خان نے لوگوں کو سرکاری املاک پر حملے کیلئے اکسایا،چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام میں نفرت کا بیج بویا اور لوگوں میں تقسیم پیدا کی۔عطاء اللہ تارڑ کا عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ تو انقلابی تھے،جیل میں سہولیات کیلئے کیوں روتے ہیں؟۔ آپ جیل گئے ہیں سسرال نہیں کہ سونے کا واش روم بنا کر دیں۔ ریاست مدینہ کے دعویدار نے گھڑیاں اور ہار چوری کئے،عمران خان سرٹیفائیڈ فراڈیے ثابت ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شخص کا جمہوری حق ہے،عمران خان کی گرفتاری پر کوئی شخص گھر سے باہر نکلنے کو تیار نہیں۔یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے،عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی قانونی ٹیم کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج،خاندان کے افراد اور پارٹی کے سنیئر قائدین کو بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں