اسلام آباد(روزنامہ قوم انٹرنیشنل) چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل نےکہا ہےکہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 20 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں جس میں پارکس ، سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم محمدشہبازشریف نے بھارہ کہو بائی پاس منصوبہ کاافتتاح کیا ۔بارہ کہو بائی پاس منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ وسائل اور سہولیات کار خ وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں کی جانب موڑا جا رہاہے ۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت وفاقی وزرا ، این ایل سی کے حکام سمیت سیاسی رہنمائوں اور عوام نے بھرپور شرکت کی ہے۔
تقریب سے خطاب کے دوران نور الامین مینگل نے اسلام آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ ماحولیات کے شعبہ کی بہتری اور عوامی سہولیات کے اضافہ کے لئے سی ڈی اے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے گزشتہ سال 14 اکتوبر 2022 کو منصوبہ کاسنگ بنیاد رکھا تھا۔ 9 ماہ کی قلیل مدت میں 31 جولائی 2023 کو منصوبہ مکمل کر لیاگیا جس پر 6 ارب 25 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ منصوبہ کی تکمیل سےمقامی آبادی اور سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات حاصل ہوں گی ۔
یہ منصوبہ 5.2 کلومیٹر سڑکوں، 2پلوں اور چار انڈر پاسز پر مشتمل ہے۔ منصوبہ پر دن رات کام کر کے اس کو 9 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیاگیا ہے جس سے خطے میں سیاحت کی صنعت کا فروغ ہو گا اور ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کی کمی میں بھی مدد ملے گی۔






