واشنگٹن(روزنامہ قوم انٹرنیشنل)امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے اقتصادی ترقی ،توانائی اور ماحولیات کے امریکی انڈر سیکرٹری جوز ڈبلیو فرنینڈس سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اقدامات بارے بات چیت کی۔امریکی انڈر سیکرٹری نے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے پاکستانی سفیر مسعود خان کے ساتھ پاک امریکا اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور یو ایس پاکستان گرین الائنس کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلوں کے منفی اثرات کے خلاف مزاحمت کے اقدامات اور ٹیکنالوجی کےشعبے میں سرمایہ کاری بارے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ باہمی فائدہ مند ترجیحات پر مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سفیر نے گرمجوشی سے استقبال پر جوز ڈبلیو فرنینڈس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور امریکا مل کر تجارت، ٹیکنالوجی، زراعت، توانائی اور ماحولیاتی تبدیلوں کے منفی اثرات کے خلاف مزاحمت رکھنے والے اقدامات میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے لیے امریکا سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی) راغب ہو گی۔






