وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی سہل انجام دہی اور گورننس کی مزید بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔
گورنر خیبرپختونخوا اختیارات کے استعمال کے حوالے سے ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے، وفاقی کابینہ نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل، گورنر خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کاوشیں یقینی بنائے گی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق بھی کر دی، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے، کویتی حکومت 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کر چکی ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی، کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔






