تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی معاہدہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ مفاہمت کی یادداشت پر آئندہ جمعہ کو جنیوا میں دستخط کیے جائیں گے۔
تہران میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ جنگ کے دوران ایرانی عوام نے بے مثال استقامت، اتحاد اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ایران نے اپنی اعلیٰ قیادت سمیت بڑی تعداد میں اہم شخصیات کو کھویا، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے جنگ کے دوران شہید ہونے والے تمام ایرانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے بہادری سے وطن کا دفاع کیا اور دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ جنگ کے دوران عوام نے حکومت اور ایرانی افواج کا مثالی ساتھ دیا، جس کی بدولت ملک اپنی خودمختاری اور سلامتی کا دفاع کرنے میں کامیاب رہا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر جمعہ کو جنیوا میں دستخط کیے جائیں گے، دستخط کی تقریب سے قبل ایرانی حکام ہمسایہ ممالک کے دورے بھی کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لبنان میں جنگ بندی بھی اس معاہدے کا حصہ ہوگی، جبکہ لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور اس کی خودمختاری کے احترام کو بھی مفاہمت میں شامل کیا گیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے عالمی برادری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ادارے ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرنے میں ناکام رہے، انہوں نے اسرائیلی حملوں پر لبنانی عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور لبنان کے عوام نے اسرائیلی جارحیت کا یکساں طور پر سامنا کیا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ امریکا اپنے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اور مناسب اقدامات کرے گا، جبکہ ایران ہر صورت معاہدے کی مکمل پاسداری کرے گا، اسماعیل بقائی نے امن عمل کے لیے کردار ادا کرنے والے دوست ممالک کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا۔






